پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عاطف خان نے انکشاف کیا ہے کہ خیبر پختونخوا سے سینیٹ انتخابات کے لیے تجویز کردہ امیدواروں کی فہرست عمران خان تک کبھی نہیں پہنچی۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر انتخاب، حکومت 6 اور اپوزیشن 5 نشستوں پرکامیاب
اپنے ایک بیان میں عاطف خان نے کہاکہ خیبر پختونخوا کی قیادت نے سینیٹ کے امیدواروں کی فہرست بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا کو بھجوائی تھی، تاہم یہ فہرست بانی چیئرمین عمران خان تک نہیں پہنچی، جس سے امیدواروں کے چناؤ پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔
عاطف خان نے اس حوالے سے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی جانب سے مرتب کردہ امیدواروں کی فہرست بھی جاری کردی، جس میں مراد سعید، عرفان سلیم، فیصل جاوید، اظہر مشوانی، خرم ذیشان، نور الحق قادری اور اعظم سواتی کے نام شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹ امیدواروں کی اس فہرست کو جان بوجھ کر بانی چیئرمین عمران خان سے چھپانے کا الزام سامنے آیا ہے، جبکہ امیدواروں کی فہرست میں مبینہ ردوبدل کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا قیادت نے 15 جولائی کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست مرکزی قیادت کو بھجوائی تھی، تاہم بیرسٹر گوہر، بیرسٹر سیف اور دیگر رہنماؤں نے یہ فہرست عمران خان تک پہنچانے میں ناکامی یا کوتاہی کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات: پنجاب سے مسلم لیگ ن کے امیدوار حافظ عبدالکریم کامیاب
پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکریٹری علی اصغر خان کے مطابق 7 امیدواروں پر مشتمل یہ فہرست باضابطہ طور پر مرکزی قیادت کو ارسال کی گئی تھی۔