’اپنی مردہ معیشتوں کو لے کر ڈوب جائیں‘ ڈونلڈ ٹرمپ کا بھارت اور روس کو مشورہ

جمعرات 31 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ایپ ’ٹرتھ سوشل‘ پر اپنے تازہ بیان میں بھارت اور روس پر سخت تنقید کی ہے، اور دونوں ممالک کی معیشتوں کو مردہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک ساتھ تباہ ہوں، انہیں کوئی پرواہ نہیں۔

ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ مجھے پرواہ نہیں کہ بھارت روس کے ساتھ کیا کرتا ہے۔ وہ اپنی مردہ معیشتوں کو ایک ساتھ لے کر ڈوبیں، مجھے فرق نہیں پڑتا۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا نے بھارت کے ساتھ بہت کم تجارتی روابط رکھے ہیں کیونکہ بھارت کے ٹیرف دنیا میں سب سے زیادہ ہیں، جو امریکی کاروبار کے لیے نقصان دہ ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 7 بھارتی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دیں

انہوں نے روس سے متعلق بھی واضح کیا کہ امریکا اور روس کے درمیان قریباً کوئی تجارتی تعلق نہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ یہ صورتحال برقرار رہے۔ انہوں نے روس کے سابق صدر دیمتری میدویدیف کو ناکام رہنما قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ میدویدیف جو سمجھتے ہیں وہ اب بھی صدر ہیں، انہیں کہہ دو کہ اپنے الفاظ کا خیال رکھیں۔ وہ ایک خطرناک راستے میں داخل ہو رہے ہیں۔

ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت اور روس کے درمیان تجارتی و دفاعی تعاون میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اور عالمی سطح پر طاقتوں کے درمیان نئے اتحاد بنتے دکھائی دے رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp