آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہفتے کو ملتان گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں کور ہیڈکوارٹر میں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:پاک چین دوستی باہمی اعتماد کی عمدہ مثال اور نامساعد عالمی حالات میں بھی غیر متزلزل ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
آرمی چیف نے پاک فوج کی اعلیٰ تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا اور قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملتان میں جدید Z-10ME اٹیک ہیلی کاپٹر کی شمولیت کی تقریب کی صدارت کی۔
یہ جدید، ہر موسم میں کارروائی کرنے والا ہیلی کاپٹر دن اور رات میں درست نشانہ لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور جدید ریڈار اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز سے لیس ہے، جو پاک فوج کی فضائی اور زمینی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں:دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے پرعزم ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر
فیلڈ مارشل نے مظفرگڑھ فیلڈ فائرنگ رینج میں نئے ہیلی کاپٹرز کی فائر پاور کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق Z-10ME ہیلی کاپٹر کی شمولیت پاک فوج کی ایوی ایشن کی جدید خطوط پر استواری کی جانب بڑا قدم ہے، جو متحرک جنگی حکمت عملی میں فیصلہ کن برتری کو یقینی بنائے گا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اکیڈمیا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقات میں قومی اتحاد، سول ملٹری ہم آہنگی اور اجتماعی قومی حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ہائبرڈ خطرات کا موثر مقابلہ کیا جا سکے۔
دورے کے دوران آرمی چیف نے جوانوں سے بھی ملاقات کی، ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیت اور جنگی مہارت کو سراہا اور مشترکہ عسکری حکمت عملی کی کامیاب مشق پر اطمینان کا اظہار کیا۔
آرمی چیف کی ملتان گیریژن آمد پر کور کمانڈر ملتان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔