گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں ہاتون کھاری کے مقام پر صادق نامی شخص نے دریائے اشکومن میں چھلانگ لگا دی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق صادق کو بچانے کے لیے اس کی بیٹی، پوتی اور بہنوئی بھی دریائے اشکومن میں کود گئے، تاہم افسوسناک طور پر تینوں جاں بحق ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان کے علاقے دکی میں 4 بہنیں ندی میں نہاتے ہوئے ڈوبنے سے جاں بحق
ریسکیو 1122 کے مطابق بیٹی، پوتی اور بہنوئی کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ صادق کو زخمی حالت میں زندہ نکال لیا گیا ہے۔
انہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال غذر منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ صادق کچھ عرصے سے ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی نعشوں کو بعد ازاں ان کے آبائی گاؤں ہاتون کھاری منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 غذر نے واقعے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ یہ افسوسناک سانحہ علاقے میں گہرے دکھ اور صدمے کا سبب بنا ہے۔