غزہ میں لڑائی سے خوفزدہ اسرائیلی فوجیوں کی خود کشیوں کی شرح بڑھ گئی، رپورٹ

پیر 4 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی فوج کی ایک خفیہ تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے نتیجے میں اسرائیلی فوجیوں میں ذہنی دباؤ اور صدمے کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث رواں سال کے آغاز سے اب تک 16 فوجی خودکشی کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بیلجیئم نے اسرائیلی فوجیوں کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ آئی سی سی کو بھجوا دیا

اسرائیل کے سرکاری نشریاتی ادارے ’کان‘ کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں جاری جنگ کے باعث اسرائیلی فوجیوں کی خودکشیاں بڑھ گئی ہیں، خودکشی کے ہر واقعے کی انفرادی سطح پر تفتیش کی گئی، جس میں فوجیوں کے خودکشی سے قبل لکھے گئے خطوط، اہلِخانہ اور قریبی ساتھیوں کے انٹرویوز، اور ماہرینِ نفسیات کی رائے کو شامل کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان اموات کی بنیادی وجہ طویل جنگی محاذ پر تعیناتی، مسلسل لڑائی، شدید ذہنی دباؤ اور ساتھیوں کی ہلاکتوں کا صدمہ ہے۔

ایک اعلیٰ فوجی افسر نے ’کان‘ سے گفتگو میں کہا کہ ’یہ خودکشیاں غزہ کی جنگ سے پیدا ہونے والی پیچیدہ زمینی حقیقتوں کا نتیجہ ہیں اور ہمیں تسلیم کرنا ہو گا کہ جنگ صرف جسم پر نہیں، ذہن پر بھی گہرے اثرات ڈالتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی غزہ میں ٹیکنالوجی کور کے افسر سمیت 2 اسرائیلی فوجی مارے گئے

کان‘ کی رپورٹ کے مطابق صرف 2023 میں 17 اور 2024 میں 21 فوجیوں نے خودکشی کی تھی، جبکہ 2025 کے ابتدائی سات مہینوں میں ہی 16 خودکشیاں رپورٹ ہوچکی ہیں، جو کہ ایک خطرناک رجحان کی عکاسی کرتی ہیں۔

اس وقت اسرائیلی وزارتِ دفاع کے بحالی یونٹ کے تحت 10 ہزار سے زائد زخمی فوجیوں کو نفسیاتی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ تقریباً 3 ہزار 770 فوجیوں میں پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر کی تشخیص ہوچکی ہے۔

یہ رپورٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب اسرائیلی فوج غزہ پر اکتوبر 2023 سے مسلسل بمباری اور زمینی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ فلسطینی حکام کے مطابق ان حملوں میں اب تک 60 ہزار 400 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جن میں زیادہ تر عورتیں اور بچے شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ کے محاذ سے لوٹنے والے اسرائیلی فوجی کی خودکشی، فوج میں بحرانی کیفیت

بین الاقوامی دباؤ میں اضافے کے باوجود اسرائیل نے فائر بندی کے مطالبات مسترد کرتے ہوئے حملے جاری رکھے ہیں۔ گزشتہ برس نومبر میں بین الاقوامی فوجداری عدالت نے اسرائیلی وزیرِاعظم بن یامین نیتن یاہو اور سابق وزیرِ دفاع یوآو گیلنٹ کے خلاف جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے، جبکہ اسرائیل عالمی عدالتِ انصاف میں نسل کشی کے مقدمے کا سامنا بھی کر رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp