لاہور میں اورنج لائن ٹرین کے کامیاب تجربے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ میں ایک اور اہم پیش رفت میں پاکستان کی پہلی جدید ترین اربن الیکٹرک ٹرین سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ یعنی ایس آر ٹی کا کامیاب تجرباتی سفر کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے علی ٹاؤن سے مسلم ٹاؤن تک اس منفرد اربن الیکٹرک ٹرین کا روڈ ٹیسٹ خود مانیٹر کیا اور عام ٹریفک کے درمیان اس کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا۔
وزیراعلیٰ نے جدید سہولیات سے آراستہ ایس آر ٹی کا معائنہ کیا اور اس میں موجود ائیرکنڈیشنڈ ڈبوں اور دیگر سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے ٹرین کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ مکمل طور پر الیکٹرک ٹرین ہے جو ایک بار چارج ہونے کے بعد 40 کلومیٹر تک کا سفر طے کر سکتی ہے۔
3 بوگیوں پر مشتمل اس جدید ٹرین میں 320 مسافروں کی گنجائش ہے، جب کہ 4 بوگیوں تک اس کی توسیع ممکن ہے، ٹرین کو چینی کمپنی نورنکو انٹرنیشنل نے تیار کیا ہے اور یہ ترکی، چین، ابو ظہبی سمیت دیگر ممالک میں بھی کامیابی سے چلائی جا رہی ہے۔
اس موقع پر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کے لیے اب ہر روز خوشی کی خبر منتظر ہوتی ہے، ایس آر ٹی نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کو کم کرے گی بلکہ ٹریفک کی روانی کو بھی بہتر بنائے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ ایس آر ٹی کے آغاز سے لاہور کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اور جلد ہی فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی ایسی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔
روڈ ٹیسٹ کے دوران رائیونڈ روڈ اور کینال روڈ پر عوام نے ایس آر ٹی کی جھلک دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور اسے لاہور کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔