ترجمان وزارت مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ رجسٹرڈ عازمینِ حج سے درخواستوں کی وصولی ہفتہ 9 اگست 2025 کو بھی جاری رہے گی، جس کے پیش نظر تمام نامزد بینکوں کو کھلا رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق، وزارت کی درخواست پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 14 نامزد بینکوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہفتے کے روز بھی اپنے مخصوص حج کاؤنٹرز کھلے رکھیں تاکہ عازمین کو سہولت دی جا سکے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق، اب تک 58 ہزار سے زائد حج درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ درخواست گزار اپنی سہولت کے مطابق آن لائن یا قریبی نامزد بینک برانچ کے ذریعے اپنی درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: حج 2026: آج سے درخواستوں کی وصولی کا آغاز، پہلی قسط 9 اگست تک جمع کرائی جا سکتی ہے
ترجمان نے وضاحت کی کہ وزارت کا مقصد یہ ہے کہ کسی بھی مستحق اور خواہش مند شہری کو حج کی درخواست دینے میں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس لیے ہفتے کے دن بینکوں کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ دفاتر میں مصروف افراد کو اضافی دن کی سہولت دی جا سکے۔
یاد رہے کہ حج درخواستوں کی وصولی کا یہ عمل محدود مدت کے لیے جاری ہے، اور ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آخری تاریخ سے پہلے اپنی درخواستیں مکمل کروائیں۔