مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے حالیہ بیٹا اپ ڈیٹس میں متعدد نئے فیچرز پیش کیے ہیں جو صارفین کے تجربے کو مزید آسان، محفوظ اور ذاتی نوعیت کا بنانے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ یہ فیچرز اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پلیٹ فارمز پر مرحلہ وار بیٹا ٹیسٹرز کے لیے دستیاب کیے جارہے ہیں۔
گروپ اسٹیٹس اپ ڈیٹس
اینڈرائیڈ ورژن 2.25.22.11 میں، بیٹا صارفین اب کسی بھی گروپ کی انفو اسکرین سے براہ راست گروپ مخصوص اسٹیٹس اپ ڈیٹس پوسٹ کرسکتے ہیں۔ یہ اپ ڈیٹس خودکار طور پر صرف اسی گروپ کے اراکین کو 24 گھنٹے کے لیے نظر آئیں گی اور ان میں سب اراکین حصہ لے سکتے ہیں۔ اپ ڈیٹس اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہیں، جس سے پرائیویسی برقرار رہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کمپنی حرکت میں آگئی، 68 لاکھ اکاؤنٹس ڈیلیٹ کردیے، وجہ کیا نکلی؟
گیسٹ چیٹس
ورژن 2.25.22.13 میں متعارف ہونے والی یہ فیچر صارفین کو ایسے افراد سے بات چیت کی اجازت دے گی جن کا واٹس ایپ اکاؤنٹ نہیں ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک شیئر ایبل لنک فراہم کیا جائے گا جس کے ذریعے مہمان صارف ویب انٹرفیس پر ایک سے ایک (One-to-One) چیٹ کرسکیں گے۔ اس میں میڈیا شیئرنگ، کالز یا گروپ چیٹس شامل نہیں ہوں گی، تاہم سیکیورٹی کے لیے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن برقرار رہے گی۔
سیفٹی اوور ویو اسکرین
واٹس ایپ ایک نیا حفاظتی فیچر بھی متعارف کرا رہا ہے جو اس وقت ظاہر ہوگا جب صارف کو کسی ایسے فرد کے ذریعے گروپ میں شامل کیا جائے جو اس کے کانٹیکٹ لسٹ میں موجود نہ ہو۔ یہ اسکرین گروپ کا نام، شامل کرنے والے کا نام اور احتیاطی ہدایات فراہم کرے گی تاکہ صارف مشکوک لنکس اور پیغامات سے بچ سکے۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کا منفرد فیچر متعارف، صارفین گروپ چیٹ میں اسٹیٹس شیئر کرسکیں گے
ایکسپائرنگ اسٹیٹس نوٹس
ورژن 2.25.22.22 میں صارفین اپنے پروفائل نوٹس کے لیے ایک ٹائمر سیٹ کرسکتے ہیں تاکہ وہ مقررہ مدت کے بعد خود بخود غائب ہوجائے۔ یہ اسٹیٹس چیٹ ہیڈر میں نمایاں طور پر ظاہر ہوں گے اور ان کے ساتھ ایموجیز شامل کرنے کی سہولت بھی ہوگی۔
یوزرنیم کی فیچر
آئی او ایس بیٹا 25.22.10.71 میں واٹس ایپ نے ایک نیا یوزرنیم کی فیچر متعارف کرایا ہے۔ یہ ایک اختیاری حفاظتی کوڈ ہوگا جو کسی کو پہلی بار پیغام بھیجنے کے لیے ضروری ہوگا۔ اس سے صرف وہ لوگ آپ سے رابطہ کرسکیں گے جنہیں آپ کا یوزرنیم اور کی دونوں معلوم ہوں۔
انسٹاگرام پروفائل لنک
اینڈرائیڈ بیٹا 2.25.22.27 میں صارفین اپنی واٹس ایپ پروفائل میں ایک تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ کا لنک شامل کرسکیں گے۔ تصدیق شدہ لنک پر ایک ٹرسٹ لیبل بھی ظاہرہوگا تاکہ دوسروں کو یقین ہوسکے کہ اکاؤنٹ اصلی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کا مس کالز کی یاددہانی کے لیے مفید فیچر متعارف
پروفائل فوٹو شارٹ کٹ
ورژن 2.25.22.14 میں کچھ بیٹا صارفین کے لیے ایک نیا شارٹ کٹ شامل کیا گیا ہے جس سے وہ ایپ کے ٹاپ بار میں اپنی پروفائل فوٹو پر کلک کر کے براہ راست سیٹنگز تک پہنچ سکیں گے۔
موشن فوٹوز
ورژن 2.25.22.29 میں موشن فوٹوز کا فیچر بھی شامل کیا گیا ہے جس سے صارفین مختصر حرکت اور آڈیو کے ساتھ تصاویر شیئر کرسکیں گے، یا ایڈیٹر کے ذریعے انہیں اسٹل امیج میں تبدیل کرسکیں گے۔
ٹیک ماہرین کے مطابق یہ تمام فیچرز واٹس ایپ کو مزید انٹرایکٹو، پرائیویسی فرینڈلی اور یوزر سینٹرک بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔