اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے مطالبہ کیا ہے کہ سیکیورٹی کونسل غزہ میں انٹرنیشنل پروٹیکشن فورس تعینات کرے۔
غزہ پر اسرائیلی قبضے کے منصوبے کے بعد سیکیورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہاکہ غزہ میں نسل کشی روکنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنی چاہییں۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ پر اسرائیلی قبضے کا اعلان، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس جاری
انہوں نے کہاکہ پاکستان غزہ پر قبضے کے اسرائیلی منصوبے کی مخالفت کرتا ہے، غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم فوری ختم ہونے چاہییں۔
انہوں نے کہاکہ اسرائیل منصوبہ بندی کے تحت عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی منصوبے کی مذمت کی ہے۔
عاصم افتخار نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیلی کابینہ کا فیصلہ اشتعال انگیزی ہے، اسرائیل فلسطینیوں کو اپنی زمین سے نکال کر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی سیاسی اور عسکری مدد کرنے والوں کو دوبارہ سوچنے کی ضرورت ہے، اسرائیل کی مدد کرنے والوں کو تاریخ سخت الفاظ میں یاد رکھے گی۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کا غزہ کے 77 فیصد علاقے پر قبضہ، مزید 23 فلسطینی شہید
پاکستانی مندوب نے کہاکہ پاکستان سمجھتا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے فوری ایکشن کی ضرورت ہے، اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرے، اور امداد کی فراہمی کے لیے اقدام کرے۔