کینیڈا کے شہر پیٹربرگ میں واقع ایک مال کی پارکنگ میں بھارتی جوڑے کو چند نوجوانوں نے نسل پرستانہ الفاظ سے ہراساں کیا اور موت کی دھمکیاں دیں۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
ویڈیو میں 3 نوجوان پک اپ ٹرک میں بیٹھے ہوئے بھارتی جوڑے کی گاڑی کو روک کر گستاخانہ زبان استعمال کرتے اور نسل پرستانہ الزامات لگاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ جوڑے نے اپنی گاڑی کو پہنچنے والے نقصان پر ان نوجوانوں سے سوال کیا تو انہوں نے جواب میں ناپسندیدہ اور توہین آمیز جملے کہے جیسے ’بڑا ناک‘ اور ’تم گندے تارکین وطن ہو۔‘
نوجوانوں میں سے ایک نے تو کھلے عام کہا کہ کیا تم چاہتے ہو میں گاڑی سے نیچے آکر تمہیں مار ڈالوں؟ ایک اور کلپ میں ایک نوجوان نے مذاقاً کہا، “ارے بڑا ناک، کیا تمہیں چھوا؟ میں نے تمہیں چھوا؟ ہاں یا نہیں؟ جواب دو، تم گندے بھارتی ہو۔
مزید پڑھیں: بچی سے زیادتی کا الزام، بھارتی کرکٹر پر بڑی پابندی لگ گئی
پولیس کی تحقیقات کے بعد 18 سالہ نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے جس پر موت یا جسمانی نقصان کی دھمکی دینے کا الزام ہے۔ ملزم کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے اور اس کا کیس 16 ستمبر کو عدالت میں ہوگا۔
اگرچہ کینیڈین قانون میں اس قسم کے واقعے کے لیے مخصوص نفرت انگیز جرائم کا چارج موجود نہیں، مگر پولیس کا کہنا ہے کہ اس کیس میں نفرت انگیزی کا عنصر موجود ہے جسے عدالت میں زیر بحث لایا جائے گا۔
پیٹربرگ پولیس چیف اسٹیوارت بیٹس نے کہا ہے کہ یہ رویہ ہماری کمیونٹی میں ناقابل قبول ہے، اور ہم عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ نفرت انگیز واقعات کی اطلاع فوری پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔