پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان میں متعین فلسطینی سفیر ڈاکٹر زہیر زید نے حکومتِ پاکستان، قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:جشن آزادی کی تیاریاں، شہری یوم آزادی کیسے منائیں گے؟
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ریاستِ فلسطین پاکستان کی اس غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جو ہمیشہ فلسطینی عوام کے جائز مقصد کے لیے پیش کی گئی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ خوشی کا دن پاکستان کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا پیغام لائے گا اور دونوں ممالک کے مابین اخوت کے گہرے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔

فلسطینی سفارت خانے نے اپنے پیغام میں پاکستان کے ساتھ اسلامی اور برادرانہ یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی کی روشنی فلسطین اور دنیا کے تمام مظلوم عوام کے لیے آزادی کی راہ کو روشن کرتی رہے۔ پیغام کا اختتام “پاکستان زندہ باد” کے نعرے سے کیا گیا۔













