کراچی کے ثانوی تعلیمی بورڈ نے دہم جماعت سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کردیا۔
بورڈ کے مطابق رواں سال سائنس گروپ میں ایک لاکھ 73 ہزار 738 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے، جن میں سے ایک لاکھ 72 ہزار 391 طلبا و طالبات نے امتحانات میں حصہ لیا، جبکہ ایک ہزار 347 غیر حاضر رہے۔
کراچی: انٹرمیڈیٹ پری میڈیکل کے نتائج کا اعلان، پہلی تینوں پوزیشنیں طالبات کے نام
کل امیدواروں میں سے 27 ہزار 244 طلبہ فیل قرار پائے، کامیابی کا مجموعی تناسب 83.93 فیصد رہا۔
پوزیشن ہولڈرز میں مونٹیسوری کمپلیکس ہائی اسکول گلشن اقبال کی عینا فاروقی نے 94.73 فیصد نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پائنیر گرامر سیکنڈری اسکول اسلام نگر اورنگی ٹاؤن کی وانیہ نور 94.09 فیصد نمبر لے کر دوسری پوزیشن پر رہیں۔
تیسری پوزیشن سول ایوی ایشن ماڈل اسکول ائیرپورٹ کے سید اذکار حسین رضوی اور دی اسمارٹ اسکول رفاع عام کیمپس ملیر ہالٹ کی عمائمہ ظفر نے مشترکہ طور پر حاصل کی، دونوں نے 94 فیصد نمبر حاصل کیے۔
امتحانات میں شریک امیدواروں میں 90 ہزار 740 طلبا اور 82 ہزار 998 طالبات شامل تھیں۔ کامیاب امیدواروں میں 30 ہزار 154 نے اے ون گریڈ، 50 ہزار 346 نے اے گریڈ، 39 ہزار 691 نے بی گریڈ، 20 ہزار 614 نے سی گریڈ، 3 ہزار 841 نے ڈی گریڈ جبکہ 35 طلبہ نے ای گریڈ حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میٹرک بورڈ امتحانی ٹیم کی نتائج میں ہیراپھیری، وزیراعلیٰ کا کارروائی کا حکم
نتائج بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر رات گئے تک ملاحظہ کیے جا سکتے ہیں۔














