پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر جہاں ملک بھر میں قومی جوش و جذبے کے ساتھ تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے وہیں گذشتہ چند برسوں سے اس خاص دن کی خوشی کے اظہار کے لیے پٹاخے پھوڑنے کے ساتھ ساتھ باجا بجانے کا ٹرینڈ بھی چل نکلا ہے۔ اس کے علاوہ نوجوان اب وائرل ہونے کے لیے مختلف کرتب بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ایسے ہی ایک نوجوان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جو مزار قائد کی دیوار پر چڑھ گیا اور وہاں ہجوم اکھٹا ہو گیا جو اس نوجوان کی ویڈیو بناتا رہا۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مزار قائد کی دیوار پر چڑھ کر توجہ حاصل کرنے والے لڑکے کو رینجزر اہلکار اپنے ساتھ لے گئے۔
ویڈیو پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ کئی صارفین نے کہا کہ یہ لوگ غیر مقامی ہیں جو مزار قائد پر آ کر ایسی حرکتیں کرتے ہیں جبکہ کئی صارفین نے طنزاً کہا کہ کیا پولیس اس نوجوان کو بعد میں تمغہ جرات دے گی۔
احسن نامی صارف نے نوجوان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اب واقعی وطن آزاد ہو گیا ہے۔ جبکہ ایک صارف کا کہنا تھا کہ ہم آزاد قوم ہیں جو مرضی کریں۔

زیادہ تر صارفین کا کہنا تھا کہ نوجوان نے یہ کام غلط کیا ہے۔ فرحان صدیقی لکھتے ہیں کہ یہ مزارِ قائد کی سراسر بے حرمتی ہے اگر اج اس پر ایکشن نہیں ہوا تو یہ سب اس پر اپنے اپنے جھنڈے گاڑ رہے ہوں گے۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ ایسا لگ رہا ہے یہ جشن آزادی منانے نہیں بلکہ قائد اعظم کے مزار کو فتح کرنے آئے ہیں۔
دوسری جانب مزار قائد پر بڑی تعداد میں بچوں نے فواروں کو سوئمنگ پول بنا دیا اور وہاں نہاتے نظر آئے، سیکیورٹی کا عملہ ان کو کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آئے۔
بچوں نے مزارِ قائد پر اودھم مچا دیا#ARYNews pic.twitter.com/UAZxcrYEPU
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) August 14, 2025














