پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے چیئرمین جاوید آفریدی نے خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور فلش فلڈ سے ہونے والی تباہ کاریوں پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے لیے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت میں طوفانی بارشوں سے تباہی، 200 سے زیادہ اموات، پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری
جاوید آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ سیلابی ریلوں اور بارشوں کے باعث قیمتی جانوں کے نقصان اور گھروں کی تباہی پر دلی دکھ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تمام دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ہم خیبر پختونخوا کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
زلمی فاؤنڈیشن کی جانب سے اعلان کردہ یہ امداد متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں پر خرچ کی جائے گی، جبکہ جاوید آفریدی کے مطابق آنے والے دنوں میں بھی ہر ممکن مدد فراہم کی جاتی رہے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 200 سے زیادہ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی و لاپتا ہوئے گئے ہیں۔