بھارت کی نامور سابق تیراک اور پدم شری ایوارڈ یافتہ بولا چودھری کے آبائی گھر سے ان کی زندگی بھر کی کمائی سمجھے جانے والے تمغے اور یادگاریں چوری کرلی گئیں۔ بولا چودھری کا کہنا ہے کہ یہ ان کے ہوڑہ ضلع کے ہنڈ موٹر میں واقع مکان میں تیسری بڑی چوری ہے۔
بولا چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چور سب کچھ لے گئے جو میں نے اپنی محنت اور لگن سے پوری زندگی میں کمایا۔ میرے 6 ساؤتھ ایشین گیمز کے طلائی تمغے اور پدم شری کا بروچ بھی چرا لیا گیا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف، انصار عباسی کے علاوہ اور کس نے ایوارڈ لینے سے معذرت کی؟
انہوں نے بتایا کہ چوروں نے تمام یادگار اشیا بھی چرا لیں تاہم ارجنا ایوارڈ اور تنزنگ نورگے میڈلز چھوڑ گئے، غالباً ان کی پہچان نہ ہونے کی وجہ سے۔
بولا چودھری اس وقت اپنے خاندان کے ساتھ کلکتہ کے کاسبا علاقے میں مقیم ہیں جبکہ ان کے آبائی مکان کی دیکھ بھال ان کے بھائی ملن چودھری کرتے ہیں۔ واقعہ یوم آزادی کے موقع پر پیش آیا جب ملن گھر کی صفائی کے لیے پہنچے تو پچھلا دروازہ ٹوٹا اور کمرے اجڑے ہوئے پائے۔
مزید پڑھیں: شاہ رخ خان کے ایوارڈ پر جاری تنازع، کس بات پر شور مچ رہا ہے؟
بولا چودھری نے الزام لگایا کہ اس سے قبل بھی دو بار چوری ہوچکی ہے اور پولیس کو شکایت درج کروائی گئی تھی مگر کوئی مؤثر کارروائی نہیں ہوئی۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ لوگ تمغے کیوں چرا رہے ہیں؟ انہیں اس سے پیسے تو نہیں ملیں گے۔ یہ میری زندگی کا سرمایہ اور میرے کیریئر کا حاصل ہیں۔ میرا گھر ہمیشہ اس لیے نشانہ بنتا ہے کیونکہ وہ اکثر خالی رہتا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرنے کی تصدیق کی ہے۔