پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کے روز مثبت رجحان برقرار رہا، جہاں سرمایہ کاروں نے خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور مضبوط کارپوریٹ نتائج پر مثبت ردِعمل دیا، ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں تقریباً 600 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوپہر 12 بج کر 25 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 147,059.71 پوائنٹس پر تھا، جو 568.08 پوائنٹس یا 0.39 فیصد زائد رہا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 1 لاکھ 47 ہزار کی حد دوبارہ بحال
آج ٹریڈنگ کے دوران اہم شعبوں میں خریداری دیکھنے میں آئی، جن میں سیمنٹ، کمرشل بینکس، کھاد، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اور بجلی پیدا کرنے والے ادارے شامل تھے، بڑے حصص جیسے حبکو، ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی، ماری، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی او ایل، میزان بینک اور یو بی ایل سبز نشان پر ٹریڈ ہوئے۔
سرمایہ کاروں کا اعتماد موڈیز کی جانب سے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں ایک درجے کی بہتری اور مضبوط کارپوریٹ نتائج سے مزید بڑھ گیا، موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو Caa2 سے بڑھا کر Caa1 کر دیا اور آؤٹ لک کو مستحکم قرار دیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 100 انڈیکس 147 ہزار پوائنٹس کے قریب پہنچ گیا
یہ فیصلہ بیرونی ذخائر میں بہتری، مالیاتی نظم و ضبط اور آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پیش رفت کی بنیاد پر کیا گیا، جس سے مارکیٹ کا حوصلہ بلند ہوا، گزشتہ ہفتے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج اپنی بلند ترین سطح 147,534 پوائنٹس تک پہنچا تھا اور ہفتہ وار بنیاد پر 1,109 پوائنٹس یعنی 0.8 فیصد اضافے کے ساتھ 146,492 پوائنٹس پر بند ہوا۔
بین الاقوامی سطح پر بھی ایشیائی اسٹاک مارکیٹس پیر کو مثبت رہیں کیونکہ امریکی شرح سود پالیسی کے حوالے سے ایک اہم ہفتے کے آغاز پر سرمایہ کار پرجوش تھے، جبکہ روسی سپلائی کے خدشات کم ہونے سے تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی۔
مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج نئی بلندیوں پر، تیزی کا طوفان مسلسل جاری
جاپان اور تائیوان کے انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے جبکہ چینی بلیو چِپس نے 10 ماہ کی بلند ترین سطح کو چھو لیا۔