کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر قائد میں آج اور کل بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی بارش کا پانی مکمل طور پر نہیں نکالا جا سکا تھا کہ ایک بار پھر شہر کے مختلف حصوں میں بارش شروع ہوگئی۔ محمود آباد، شاہ فیصل کالونی، صدر، ایم اے جناح روڈ، فریئر ہال، جناح اسپتال، نرسری، شارع فیصل، گلشن اقبال، کورنگی اور ڈیفنس سمیت کئی مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بارشوں کی وجہ ماحولیاتی تبدیلی ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی شہر کے ڈوبنے پر خود کو بری الذمہ قرار دیدیا
مختلف حادثات میں 17 افراد جان سے گئے
بارش کے دوران مختلف حادثات میں اموات کی تعداد بڑھ کر 17 ہوگئی۔ گلستان جوہر میں دیوار گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہوئے، شاہ فیصل کالونی میں کرنٹ لگنے سے 2 نوجوان چل بسے، جبکہ ڈیفنس اور شارع فیصل پر بارش کے پانی میں کرنٹ لگنے سے مزید 2 افراد کی جان چلی گئی۔ اس کے علاوہ اورنگی ٹاؤن میں ایک بچہ جاں بحق ہوا اور گرومندر کے نالے میں ڈوبنے والے شخص کی لاش بھی نکال لی گئی۔
بجلی اور انٹرنیٹ معطل
شدید بارش کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں بجلی اور انٹرنیٹ گھنٹوں معطل رہے۔ صوبائی حکومت نے صورتحال کے پیشِ نظر آج عام تعطیل کا اعلان کیا۔ گلستان جوہر، گلشن اقبال، کورنگی، محمود آباد، اختر کالونی، منظور کالونی، ڈیفنس ویو اور ملیر سمیت متعدد علاقوں میں گزشتہ روز سے بجلی معطل ہے۔
کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کا پانی کم ہوتے ہی متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تاہم شہریوں نے کے الیکٹرک کے دعووں کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
میئر کراچی کی شہریوں سے اپیل
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ شہر میں ایک دن کے دوران 245 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ 40 ملی میٹر سے زائد بارش کے بعد نالے نکاسی کی صلاحیت کھو دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا ضرور ہے لیکن ایسے حالات میں تعاون ضروری ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران لوگ گھروں اور دفاتر میں رہیں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید ملت روڈ پر نکاسی کا کام جاری ہے، اس لیے شہری متبادل راستے استعمال کریں۔
شہر کے مختلف حصوں میں پانی جمع
بارش تھمے کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود شہر کی اہم شاہراہوں اور علاقوں سے پانی نہیں نکالا جاسکا۔ ایوان صدر روڈ، ضیاالدین احمد روڈ، ایم آر کیانی روڈ، گرومندر، نمائش، ایم اے جناح روڈ، ڈرگ روڈ انڈر پاس، اردو بازار اور ماڈل کالونی جانے والی جناح ایونیو سمیت متعدد مقامات پر اب بھی بارش کا پانی موجود ہے۔
کورنگی صنعتی ایریا اور ویٹا چورنگی پر بھی پانی جمع ہونے کے باعث ٹریلرز پھنس گئے۔ بعض مقامات پر شہری اپنی گاڑیاں چھوڑ کر جانے پر مجبور ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بارش کا نیا سلسلہ، شہر میں پانی جمع اور سڑکیں بند
فوج اور رینجرز کی امدادی کارروائیاں
شہر کے مختلف علاقوں میں پاک فوج اور رینجرز کے اہلکار بھی شہریوں کی مدد کے لیے موجود رہے۔ رات گئے تک اہلکار ٹریفک کی روانی بحال کرنے میں مصروف رہے، خراب گاڑیوں کو سڑک کنارے لگایا گیا اور مکینیکل ٹیموں کی مدد سے درست کرنے کی کوشش کی گئی۔