روس نے تاریخ رقم کردی، دنیا کی پہلی خاتون نیوکلیئر آئس بریکر کپتان کا تقرر

جمعرات 21 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

روس نے تاریخ رقم کرتے ہوئے دنیا کی پہلی خاتون کو نیوکلیئر پاورڈ آئس بریکر جہاز کی کپتان مقرر کر دیا ہے۔ روسی نیوکلیئر آئس بریکر فلیٹ کے آپریٹر Atomflot نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ مارینا اسٹارووائتووا آئس بریکر یامال کی نئی کپتان ہوں گی۔

مارینا اسٹارووائتووا کا بیان

کپتان کا اعزاز ملنے کے بعد اسٹارووائتووا نے کہا کہ کپتان کی ذمہ داری جہاز اور اس کے عملے کی دیکھ بھال ہے۔ میں روزانہ پوری لگن سے یہ فریضہ ادا کروں گی اور اپنے ساتھیوں کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وہ اسی جہاز پر چیف میٹ (سیکنڈ ان کمانڈ) کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی تھیں۔

تعلیمی پس منظر اور تجربہ

دلچسپ امر یہ ہے کہ سمندری کیریئر شروع کرنے سے قبل اسٹارووائتووا مغربی روس کے ایک دیہی اسکول میں روسی زبان و ادب پڑھاتی تھیں۔ بعدازاں انہوں نے شپ نیویگیشن کی سند حاصل کی اور 2 دہائیوں سے زیادہ کا تجربہ تجارتی جہازوں اور آئس بریکرز پر حاصل کیا۔

روس کا منفرد نیوکلیئر آئس بریکر بیڑا

فی الحال دنیا میں صرف روس ہی نیوکلیئر آئس بریکر فلیٹ کا مالک ہے۔ پگھلتی ہوئی برف کے باعث آرکٹک میں تجارتی جہاز رانی کے مواقع بڑھنے سے ان جہازوں کی اہمیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ سال روس نے اپنے بیڑے میں ایک نیا آئس بریکر شامل کیا تھا۔

یامال آئس بریکر

یامال آئس بریکر 2 نیوکلیئر ری ایکٹرز سے لیس ہے اور اسے آرکٹک مہمات میں نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ 2000 میں اس نے قطب شمالی تک کامیاب سفر کیا تھا۔ جہاز کے ہل پر پینٹ کی گئی شارک کے جبڑے کی تصویر اسے بہ آسانی پہچاننے کے قابل بناتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp