پاکستان اور چین نے اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سدا بہار اسٹریٹجک کواپریٹو پارٹنرشپ نہ صرف دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے بلکہ خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے بھی کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ای کی مشترکہ زیر صدارت آج اسلام آباد میں وزرائے خارجہ کی اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا چھٹا دور منعقد ہوا۔
یہ بھی پڑھیے چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ای اسلام آباد پہنچ گئے
مذاکرات کے دوران دونوں فریقین نے پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر سی پیک فیز ٹو، تجارتی و معاشی روابط، کثیرالجہتی تعاون اور عوامی روابط کے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔
پاک-چین ہمہ موسمی شراکت داری پر اعتماد
فریقین نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہاراسٹریٹجک کواپریٹو پارٹنرشپ نہ صرف دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے بلکہ خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے بھی کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے چینی ماڈل سے متعلق خدشات غلط ثابت، پاکستان چین کے تجربات سے سیکھنا چاہتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف
مستقبل کا لائحہ عمل
وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک دوطرفہ سطح پر اور کثیرالجہتی فورمز پر قریبی روابط اور تعاون جاری رکھیں گے تاکہ مشترکہ مفادات کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔