بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان نے بیٹے آریان خان کی ہدایتکاری میں بننے والی ویب سیریز ’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘ کی ایک تقریب میں کہا کہ آریان خان کچھ نیا اور منفرد بنا رہا تھا اورپہلے مجھے لگا کہ شاید وہ ’منت‘ کا سی سی ٹی وی فوٹیج یوٹیوب پر ڈال رہا ہے۔
شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ مجھے اس کے انداز اور شو کی زبان کو سمجھنے میں تھوڑا وقت لگا لیکن جب میں نے سمجھ لیا تو پوری طرح دلچسپی لے لی، اور میں واقعی بہت خوش ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے نہ صرف شو بلکہ اس کی کاسٹ پر بھی فخر ہے جنہوں نے اس کہانی کو زندہ کر کے اسکرین پر جادو بکھیر دیا۔
View this post on Instagram
آریان خان نے اپنی ویب سیریز کے حوالے سے بتایا کہ اس پروجیکٹ پر 4 سال سے محنت جاری ہے اور وہ پہلی بار اسٹیج پر اظہار خیال کرتے ہوئے کچھ نروس بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’میں نے اپنی تقریر کی کئی بار مشق کی ہے اور اسے ٹیلی پرومپٹر پر بھی رکھا ہے۔ اگر کوئی غلطی ہوئی تو میرے والد میرا سہارا ہیں‘۔
آریان نے مزید کہا کہ ’اس شو کا مقصد عوام کو معیاری تفریح فراہم کرنا ہے۔ کئی ماہ کی محنت اور بے شمار ٹیک کے بعد یہ پروجیکٹ مکمل ہو چکا ہے‘۔ تقریب کے آخر میں انہوں نے اپنی والدہ گوری خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا، ’شو کو پروڈیوس کرنے کے ساتھ ساتھ مجھے پروڈیوس کرنے کا بھی شکریہ‘۔
یہ بھی پڑھیں: کیا شاہ رخ خان کا اپنی اہلیہ سے جھگڑا ہوا؟ویڈیو وائرل
یہ تقریب اس وقت منعقد ہوئی جب شاہ رخ خان حال ہی میں فلم ’جوان‘ کے لیے نیشنل ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا، ’مجھے مکمل صحتیابی میں ایک دو ماہ لگیں گے، مگر نیشنل ایوارڈ اٹھانے کے لیے ایک ہاتھ ہی کافی ہے‘۔ واضح رہے کہ شاہ رخ خان کندھے کی چوٹ اور سرجری سے اب بھی صحت یاب ہو رہے ہیں۔