بانی پی ٹی آئی عمران خان اب صرف القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار ہیں، سلمان اکرم راجہ کا دعویٰ

جمعرات 21 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کیخلاف 8 مقدمات میں سپریم کورٹ سے ضمانت کے بعد سابق وزیر اعظم کی صرف القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتاری برقرار ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ وہ آج بہت خوش ہیں کیونکہ اب عمران خان کے خلاف صرف القادر ٹرسٹ کیس کی گرفتاری ہے، جس کی ضمانت کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے ہے۔

’کئی ماہ سے ہم کوشش کر رہے ہیں کہ وہ درخواست سنی جائے، اس کیس کے بعد عمران خان کیخلاف کوئی مقدمہ نہیں رہ جاتا جس میں گرفتاری ہو۔‘

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات سے متعلق 8 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت منظور کرلی، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے آج سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔

یہ بھی پڑھیں: 9 مئی واقعات: سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 8 مقدمات میں ضمانت منظور کرلی

دوران سماعت پروسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی تمام مقدمات میں مرکزی کردار ہیں اور ان کیخلاف زبانی اور الیکٹرونک شواہد سمیت گواہان کے بیانات موجود ہیں۔

تاہم عدالت نے واضح کیا کہ شواہد کا جائزہ ٹرائل کورٹ میں لیا جائے گا اور سپریم کورٹ میرٹس پر آبزرویشن نہیں دے گی تاکہ ٹرائل متاثر نہ ہو۔

مزید پڑھیں:بیرسٹر گوہر کا 9 مئی پر معافی سے متعلق بیان، پی ٹی آئی کا وضاحتی ردعمل سامنے آگیا

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ عدالت ماضی میں بھی سازش کے الزامات پر ضمانتیں منظور کر چکی ہے، لہٰذا پروسیکیوٹر کو ثابت کرنا ہوگا کہ موجودہ مقدمات مختلف ہیں۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ واقعہ کے بعد ملزم 2 ماہ تک ضمانت پر رہا، پولیس کے پاس تفتیش کے لیے یہ وقت کافی تھا،

عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ اگر بانی پی ٹی آئی نے وائس میچنگ اور دیگر سائنسی ٹیسٹ نہ کرائے تو اس کے قانونی نتائج ہوں گے، تاہم یہ معاملہ بھی ٹرائل کورٹ میں طے ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp