وزارت مذہبی امور نے عشرہ رحمت للعالمین ﷺ یکم تا 12 ربیع الاول قومی و صوبائی سطح پر شایانِ شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ سے پاس شدہ قراردادوں کی روشنی میں ملک گیر سیرت محافل اور خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوان نسل کو سیرت النبی ﷺ سے آگاہی دی جا سکے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کی زیر صدارت عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کے حوالے سے منعقدہ بین الصوبائی اجلاس میں آزاد کشمیر کے وزیر اوقاف حافظ محمد احمد رضا قادری، بلوچستان کی پارلیمانی سیکریٹری شہنازعمرانی سمیت چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے اوقاف سیکریٹریز شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:ماہ ربیع الاول میں 50ویں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا شایانِ شان انعقاد کیا جائے گا، سردار محمد یوسف
سردار محمد یوسف نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی 1500 ویں سالِ ولادت کے تناظر میں صوبائی و مقامی حکومتیں نوجوانوں کو سیرت طیبہ سے روشناس کرائیں، اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ وزارتِ مذہبی امور اسلام آباد میں 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے جس کا موضوع ’سوشل میڈیا کے مفید استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمہ داریاں سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں‘ ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عشرہ رحمت للعالمین ﷺ منانے کا مقصد معاشرے میں سیرت طیبہ پر تفصیلی گفتگو کو عام کرنا اور طلبہ و طالبات میں فکری و عملی شعور اجاگر کرنا ہے، سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ دینی مدارس میں بھی مشترکہ پروگرام ہوں گے، جہاں نوجوان نسل اپنے خیالات کا اظہار کرے گی۔
مزید پڑھیں:ایران اور عراق میں زیارات کے لیے نیا مربوط نظام لا رہے ہیں، وزیر مذہبی امور سردار یوسف
انہوں نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں عصرِ حاضر کے مسائل کے حل کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔ ہمیں اپنی تعلیم، معیشت، سماجی اقدار اور خاندانی نظام کو بگاڑ سے بچانا ہے کیونکہ معاشرے میں انحطاط دراصل اسوۂ نبوی پر عمل نہ کرنے کا نتیجہ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی بعثت کا مقصد انسانیت کو ہدایت کی راہ دکھانا ہے، بطور امتی ہماری ذمہ داری ہے کہ ان کی سیرت کو عام کریں اور ان کا پیغام اجاگر کریں، موجودہ دور میں سوشل میڈیا کے ذریعے اسلام کا پیغام دنیا تک پہنچانا مزید آسان ہو چکا ہے۔