پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز تاریخی بلندی دیکھنے کے بعد آج مندی دیکھنے میں آئی ہے، اسٹاک ٹریڈنگ کا اختتام1355 پوائنٹس کمی سے 1 لاکھ 49 ہزار 235 پوائنٹس کی حد پر ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ بہت جلد بڑا سنگ میل عبور کرے گی، وجوہات کیا ہیں؟
انڈیکس دوران ٹریڈنگ 2300 سے زائد پوائنٹس مائنس ہوکر 1 لاکھ 48 ہزار 272 پوائنٹس کی حد تک ٹریڈ ہوا، 100 انڈیکس دوران ٹریڈنگ بڑی گراوٹ سے بیک وقت 3 نفسیاتی حدیں کھو بیٹھا، 100 انڈیکس کی یومیہ بلند سطح 1 لاکھ 51 ہزار 249 پوائنٹس کی نفسیاتی حد تک ٹریڈ ہوا۔
اسٹاک ایکسچیبج میں 479کمپنیوں میں سے129 کمپنیوں کے شیئرز میں اضافہ،323کمپنیوں کے شیئرز میں کمی ہوئی، اسٹاک ایکسچینج میں ایک ارب روپے مالیت شیئرز کا کاروباری حجم 55 ارب روپے سے زائد رہا۔
’عمران خان کی بریت کی خبر پر شیئرہولڈرز نے منافع نکالا‘
سینئیر کامرس رپورٹر محمد حمزہ گیلانی کے مطابق مارکیٹ آل ٹائم بلندی پر جانے کے بعد کسی خبر کی تلاش میں تھی تا کہ منافع نکالا جاسکے وہ خبر عمران خان کی بریت کی شکل میں ملی جس سے بلند ترین سطح کے بعد شیئر ہولڈرز نے منافع نکالنا شروع کیا جس سے آج مارکیٹ میں مندی دیکھنے کو آئی، جو ہمیشہ کی طرح بلند ترین سطح پر جانے کے بعد آتی ہے کیوں کہ منافع نکالا جاتا ہے۔
’مارکیٹ بہتر ہے، کرکشن ہونا ضروری تھی‘
ماہر اسٹاک مارکیٹ محسن مسیڈیا کا کہنا ہے کہ مارکیٹ بہتر ہے اور بہتر دکھائی دے رہی ہے، فارما سیکٹر، آئل اینڈ گیس سیکٹر، ٹیکنالوجی سیکٹر بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ مارکیٹ ایک لاکھ 46 ہزار پوائنٹس سے مسلسل بڑھے جارہی تھی جس کی وجہ سے کرکشن ہونا ضروری تھی جو آج دیکھنے میں آئی، آج مارکیٹ نے 3 ہزار پوئنٹس کی کرکشن کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ اضافہ کا اصل سبب کیا ہے؟
محسن مسیڈیا کے مطابق مارکیٹ بہتر ہے بنکنگ سیکٹر، فرٹیلائزر سیکٹر میں پرافٹ ٹیکنگ نظر آئی، فارما سیکٹر مزید بہتر دکھائی دے رہا ہے، دیوان سیمنٹ، فوجی سیمنٹ بھی بہتر دکھائی دے رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک امریکا تجارتی معاہدے کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں تیزی
انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ نے آج کرکشن کی ہے اور آگے آنے والے دنوں میں مزید بہتری نظر آنے والی ہے۔