آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں کی ٹیم میلبرن اسٹارز نے آمدہ سیزن میں میلبرن کرکٹ گراؤنڈ پر پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے خصوصی اسٹینڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس اسٹینڈ کو ہاؤس آف رؤف کا نام دیا گیا ہے جو پاکستانی اور دیگر جنوبی ایشیائی شائقین کو گھریلو میچز کے دوران ایک پرجوش اور ثقافتی ماحول فراہم کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بگ بیش لیگ کی ڈرافٹنگ کا مرحلہ، کتنے پاکستانی کھلاڑیوں کو منتخب کرلیا گیا؟
میلبرن اسٹارز کے جنرل مینیجر میکس ایبٹ نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد پاکستانی مداحوں اور ان کی ثقافت کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی شائقین آئیں، میچوں سے لطف اندوز ہوں اور اپنی وراثت کو اجاگر کریں۔
پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کو اس منصوبے کا مرکزی سفیر قرار دیا گیا ہے۔ حارث رؤف 2019 سے میلبرن اسٹارز کا حصہ ہیں اور اب تک بی بی ایل کے 22 میچز میں 36 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ ان کی اکانومی ریٹ 7.75 رہی ہے۔
میکس ایبٹ کا کہنا تھا کہ حارث نہ صرف ٹیم کے لیے ایک شاندار سفیر ہیں بلکہ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو بھی ٹیم کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم بگ بیش لیگ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل، سڈنی سکسرز نے کتنے میں خریدا؟
ہاؤس آف رؤف اسٹینڈ میں میچ کے دن پاکستانی ثقافت کی جھلک دکھائی جائے گی، جس میں پاکستانی کھانے، موسیقی اور کمیونٹی کے لیے ایک جاندار ماحول شامل ہوگا۔ یہ منصوبہ کرکٹ آسٹریلیا کے ملٹی کلچرل ایکشن پلان کے مطابق ہے جس کا مقصد مختلف ثقافتی برادریوں کو کرکٹ میں شامل کرنا اور کھیل میں تنوع کو فروغ دینا ہے۔
بگ بیش لیگ کا نیا ایڈیشن 14 دسمبر سے شروع ہوگا جس کا افتتاحی میچ پرتھ اسکورچرز اور سڈنی سکسرز کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ میلبرن اسٹارز اپنی مہم کا آغاز 18 دسمبر کو ہوبارٹ ہریکینز کے خلاف کریں گے۔














