بھارت کے شہر حیدرآباد میں 10 سالہ بچی کو مبینہ طور پر اُس کے 14 سالہ ہمسائے نے گھر میں گھس کر چاقو کے وار سے قتل کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت: آٹھویں کے طالب علم کے ہاتھوں دسویں کا طالب علم قتل، قاتل کا انسٹاگرام چیٹ میں اعتراف جرم
پولیس کے مطابق حیدرآباد میں 10 سالہ بچی کو اُس کے 14 سالہ ہمسائے نے مبینہ طور پر کرکٹ بیٹ چوری کرنے پر گھر میں گھس کر 21 بار چاقو کے وار کرکے قتل کر دیا۔
پولیس نے بتایا کہ مقتولہ کی شناخت ساہسرا کے نام سے ہوئی ہے جو چھٹی جماعت کی طالبہ تھی۔ اس کے والد موٹر سائیکل مکینک جبکہ والدہ ایک لیب ٹیکنیشن ہیں۔ واقعے کے وقت ساہسرا کا چھوٹا بھائی اسکول میں تھا اور وہ اکیلی گھر پر موجود تھی۔
اطلاعات کے مطابق ساہسرا کے والد دوپہر کے وقت گھر واپس آئے تو یہ اندوہناک واقعہ منظرعام پر آیا۔ قتل کی گتھی سلجھانے کے لیے سائبرآباد پولیس نے متعدد ٹیمیں تشکیل دیں اور 4 دن کی تفتیش کے بعد 14 سالہ مشتبہ لڑکے کو حراست میں لے لیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار لڑکے نے دورانِ تفتیش بچی کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے اور ابتدائی طور پر اس کی وجہ کرکٹ بیٹ چوری بتائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شوہر نے بھارتی فلم’ دریشم‘ کی طرز پر بیوی کو قتل کرکے قبرستان میں دفن کردیا
پولیس اس پہلو کی بھی ہر زاویے سے تفتیش کررہی ہے کہ اگر مقصد صرف بیٹ لینا تھا تو لڑکا چاقو لے کر گھر میں کیوں داخل ہوا۔