اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق تھانہ شالیمار کے علاقے میں ملزمان نے پولیس ریڈنگ ٹیم پر فائرنگ کر دی۔
اسلام آباد پولیس کی ٹیم گرفتار ملزم عاصم جہانگیر کو ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے لے جا رہی تھی کہ اچانک گرین ایریا میں چھپے ملزمان نے پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں پولیس وین کا ٹائر پھٹ گیا تاہم پولیس اہلکار حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہے۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد پولیس کی کارروائی: 380 ملزمان گرفتار، بڑی مقدار میں منشیات اور غیر قانونی اسلحہ برآمد
ساتھی ملزمان کی فائرنگ سے گرفتار ملزم عاصم جہانگیر زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ عاصم جہانگیر تھانہ شالیمار کے مقدمہ نمبر 850 میں جسمانی ریمانڈ پر تھا جس میں پولیس پر حملہ اور دیگر سنگین دفعات شامل ہیں۔
ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کے مطابق ملزم سنگین جرائم کے 19 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے، جبکہ پولیس پر حملہ کرنے والے اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔