سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرلیے، عظمیٰ بخاری

بدھ 27 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں ریکارڈ بارشوں کے باعث 30 سالہ بارشوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف سیالکوٹ میں 405 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جس سے شہر مکمل طور پر پانی میں ڈوب گیا تھا تاہم چند گھنٹوں میں نکاسی کا عمل مکمل کرلیا گیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ قصور، اوکاڑہ اور پاک پتن سمیت کئی اضلاع متاثر ہوئے ہیں، دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے راوی میں 38 برس بعد سیلاب آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ 14 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے اور تمام ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں سیلابی صورتحال سنگین، نشیبی علاقے خالی کرانے کے احکامات، فوج طلب

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے اچانک پانی چھوڑنے کے بعد حکومت نے فوری فلڈ الرٹ جاری کیا اور فوج کو انتظامیہ کی مدد کے لیے طلب کرلیا گیا۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ پنجاب میں تاحال کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور تمام افسران کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ قدرتی آفات ہیں اور امید ہے اللہ خیر کرے گا۔

مزید پڑھیں: بھارتی آبی جارحیت نے کرتارپور ڈبو دیا، گردوارہ دربار صاحب متاثر

اس موقع پر صوبائی وزیر قانون صہیب احمد برتھ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا جاپان کا دورہ انتہائی کامیاب رہا۔ 30 سال بعد کسی پاکستانی رہنما نے جاپان کا دورہ کیا جہاں سرمایہ کاری، روڈ و اسپتالوں کے انفرا اسٹرکچر اور ایمرجنسی سہولتوں پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے سے صوبے میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp