ایتھوپین فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل یلما میرڈاسا نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں جانب سے پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور فضائی افواج کے درمیان تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ائیر ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے لیفٹیننٹ جنرل یلما میرڈاسا کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر ائیر چیف مارشل نے دوطرفہ تعاون خصوصاً مشترکہ تربیتی پروگرامز کے ذریعے شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایتھوپین فضائیہ کو ہر ممکن تعاون، استعداد کار میں اضافے اور جدید تربیت فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
یہ بھی پڑھیے: پاک فوج میں جدید Z-10ME ہیلی کاپٹر شامل، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ملتان گیریژن کا دورہ
ایتھوپین فضائیہ کے کمانڈر نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاک فضائیہ کی جنگی صلاحیت، ملٹی ڈومین آپریشنز اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپین فضائیہ پاکستان کے تجربات اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے بالخصوص ایوی ایشن ٹیکنالوجی کی منتقلی اور جدید مقامی منصوبوں میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیے: بلوچستان میں امن کی کوششیں، ڈی جی آئی ایس پی آر کی طلبا سے گفتگو
اپنے دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل یلما میرڈاسا نے نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ائیر آپریشنز سینٹر اور پاک فضائیہ سائبر کمانڈ کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں جدید ٹیکنالوجی اور سائبر وارفئیر میں پاک فضائیہ کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ دونوں ممالک اپنے باہمی فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔