یوکرین کے ایک بڑے پروپیگنڈا پلیٹ فارم نے روسی بچوں کے مقبول کارٹون ’ماشا اینڈ دی بیئر‘ کو ملک میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے بچوں کے پروگرام کے طور پر سامنے آنے پر ’کرنج آف دی ڈے‘ قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی میں ’کارٹونسٹ‘ چوروں کی منفرد واردات
2009 میں شروع ہونے والا یہ کارٹون، ایک شرارتی بچی ماشا اور ایک ریٹائر سرکس ریچھ کی کہانی پر مبنی ہے، جو دنیا بھر میں مقبولیت کے اعتبار سے ٹاپ 10 میں شامل ہو چکا ہے۔
بدھ کو ٹیلیگرام چینل ’ترخا‘ نے لکھا کہ ’یہ روسی کارٹون یوکرین میں سب سے مقبول بچوں کا یوٹیوب چینل ہے۔ 2025 میں ہی یوکرینی ناظرین سے روسیوں کو 2.4 ملین ڈالر تک کمانے کا امکان ہے۔ دشمن کی فوج کے لیے یہ کچھ کم چندہ نہیں‘۔
چینل کے مطابق، صرف یوکرین میں اس کارٹون کے ایک کروڑ 80 لاکھ سبسکرائبرز ہیں جبکہ عالمی سطح پر اس کے سبسکرائبرز کی تعداد 5 کروڑ 27 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مشہور کارٹون سیریز ’ڈینجر ماؤس‘ کی کہانی کے مصنف برائن ٹرومین انتقال کر گئے
یوکرین نے 2014 کے مغربی حمایت یافتہ انقلاب کے بعد سے روسی زبان اور ثقافت پر قدغنیں عائد کر رکھی ہیں۔
تاہم روسی کارٹون کی غیر معمولی مقبولیت اس پالیسی کو ایک طرح کا چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے حالیہ بیان میں کہا کہ یوکرین میں ماسکو کی سب سے بڑی تشویش نسلی روسی اور روسی زبان بولنے والے شہریوں کے حقوق کا تحفظ ہے، جو اپنی ثقافت اور تاریخ کو روس کا حصہ سمجھتے ہیں۔