چین اور روس نے ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کرنے کی یورپی کوششیں قانونی طور پر غلط قرار دے دیں

پیر 1 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک چین اور روس نے ایران کا ساتھ دیتے ہوئے یورپی ممالک کی جانب سے تہران پر دوبارہ اقوام متحدہ کی پابندیاں عائد کرنے کی کوشش کو مسترد کردیا۔ یہ پابندیاں ایک دہائی قبل ایران کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے کے تحت کم کی گئی تھیں۔

چین، روس اور ایران کے وزرائے خارجہ کے دستخط شدہ ایک خط میں کہا گیا کہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے مبینہ ’اسنیپ بیک میکانزم‘ کے تحت پابندیوں کو خودکار طور پر دوبارہ نافذ کرنے کی کوشش قانونی اور طریقہ کار کے اعتبار سے غلط ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کی جانب سے ایران پر نئی پابندیاں، جنگ بندی کے بعد پہلا قدم

چین اور روس 2015 میں ایران کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے کے دستخط کنندگان میں شامل تھے، جس میں 3 یورپی ممالک بھی شامل ہیں۔

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018 میں اپنی پہلی مدت میں اس معاہدے سے امریکا کو باہر نکال لیا تھا۔

یورپی ممالک نے گزشتہ ہفتے اسنیپ بیک میکانزم شروع کیا، اور ایران پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ معاہدے کے تحت ایران کو مالی پابندیوں سے ریلیف فراہم کیا گیا تھا بشرطیکہ وہ اپنے جوہری پروگرام کو محدود رکھے۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پیر کے روز ایک پوسٹ میں کہاکہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی کا یہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اختیارات اور افعال کا غلط استعمال ہے۔

ایران طویل عرصے سے 2015 کے معاہدے کے تحت مقرر شدہ یورینیم پیداوار کی حدوں کو عبور کر چکا ہے اور اس کا مؤقف ہے کہ امریکا کے معاہدے سے باہر نکلنے کے بعد یہ اقدام جائز ہے۔ معاہدہ اکتوبر میں ختم ہو رہا ہے اور اسنیپ بیک میکانزم کے ذریعے سابقہ پابندیاں دوبارہ نافذ کی جا سکتی ہیں۔

ایران اور تین یورپی ممالک نے نئی جوہری ڈیل کے لیے بات چیت کی، جس کی بنیاد اسرائیل اور امریکا کے جون وسط میں ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد رکھی گئی تھی۔ تاہم یورپی ممالک کے مطابق جنیوا میں ہونے والی بات چیت سے ایران کی نئی ڈیل کے لیے تیار ہونے کے واضح اشارے نہیں ملے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کی نئی پابندیاں ایران کو کتنا متاثر کر سکتی ہیں؟

ایران کے وزیر خارجہ نے کہاکہ چین اور روس کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہمارا مشترکہ خط جو تیانجن میں دستخط ہوا، یہ واضح کرتا ہے کہ یورپی ممالک کی اسنیپ بیک کے نفاذ کی کوشش قانونی طور پر بے بنیاد اور سیاسی طور پر نقصان دہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp