کالا باغ کی تعمیر سے متعلق علی امین کا بیان پارٹی پالیسی نہیں: اسد قیصر نے مخالفت کردی

منگل 2 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق علی امین گنڈاپور کا بیان ذاتی ہے، یہ پارٹی پالیسی نہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں کالا باغ ڈیم کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ ان کے مطابق اس وقت چھوٹے پیمانے پر ڈیم تعمیر کرنا زیادہ موزوں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: کالا باغ ڈیم ریاست کی ضرورت، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کھل کر منصوبے کی حمایت کردی

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے اپنے علاقے میں چشمہ رائٹ بینک کینال کا منصوبہ موجود ہے، جو وہاں کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہوگا۔

سابق اسپیکر نے مزید کہا کہ متنازع معاملات کو بلا وجہ اٹھانا درست نہیں اور ایسے موضوعات کو چھیڑنے سے گریز کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ سب کو اعتماد میں لے کر کالا باغ ڈیم جیسے منصوبے پر عمل ہونا چاہیے کیونکہ یہ پاکستان اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائیت کے نام پر ملک کے مجموعی مفاد کو نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا اور قومی فائدے کو ذاتی یا علاقائی سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: بیرسٹر گوہر نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے لیے علی امین گنڈاپور کے مؤقف کی حمایت کردی

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھی آج علی امین گنڈاپور کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ کالا باغ ڈیم بننا چاہیے لیکن اس پر اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp