سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے پُرعزم، چینی کمپنیاں صنعتوں کو پاکستان منتقل کریں: وزیراعظم کی پیشکش

بدھ 3 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی کمپنیاں خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کریں اور صنعتوں کو پاکستان منتقل کریں۔ پاکستان سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے اور صنعتی شراکت داری کو آسان بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

بیجنگ میں چین کے سرکردہ کاروباری اداروں کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان B2B سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سدا بہار اسٹریٹجک کواپریٹو پارٹنرشپ دونوں ممالک کی خوشحالی کے لیے ناگزیر، پاکستان چین کا اتفاق

یہ ملاقات وزیراعظم کے چین کے سرکاری دورے اور تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد ہوئی۔

گفتگو کے دوران ٹیکسٹائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، صنعت، کان کنی و معدنیات، سڑک اور ڈیجیٹل رابطے، ای کامرس اور خلائی ٹیکنالوجیز سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔

وزیراعظم نے کاروباری شخصیات کو بتایا کہ حکومت معیشت کو مستحکم اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے جامع اصلاحات پر عمل کر رہی ہے، جن میں ٹیکس مراعات، چینی شہریوں کے لیے آسان ویزا پالیسی اور بڑے ہوائی اڈوں پر خصوصی بوتھس کا قیام شامل ہے تاکہ سفر اور کاروبار میں سہولت پیدا ہو۔

انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورم سرمایہ کاری کو تیز کرنے، رکاوٹوں کو دور کرنے اور B2B تعاون کو فروغ دینے کا موثر پلیٹ فارم ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ صنعتی تعاون پاکستان اور چین کی اقتصادی شراکت داری کا بنیادی ستون ہے اور یہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کا اہم جزو ثابت ہوگا۔ انہوں نے چینی اداروں کو دعوت دی کہ وہ خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کریں اور صنعتوں کو پاکستان منتقل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہنرمند اور کم لاگت افرادی قوت، سستی خام مال کی دستیابی اور عالمی و علاقائی منڈیوں سے مؤثر روابط کے باعث سرمایہ کاری کے لیے منفرد تقابلی فائدہ فراہم کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان چین کی مدد سے الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت میں پیشرفت کا خواہاں

شہباز شریف نے اس یقین دہانی کا اعادہ کیا کہ چینی سرمایہ کاری میں اضافہ نہ صرف پاکستان کی معیشت کو مضبوط اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گا بلکہ علاقائی ترقی، اختراع اور مشترکہ خوشحالی کے سی پیک وژن کو بھی تقویت پہنچائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp