چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں کی ہدایت پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکل سواروں میں ہیلمٹ کے استعمال کے حوالے سے آگاہی اور نفاذ مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔
رواں سال ٹریفک پولیس نے 34 ہزار سے زائد موٹر سائیکل سواروں کے خلاف قانونی کارروائیاں کیں جبکہ شہریوں میں آگاہی بڑھانے کے لیے 325 سرگرمیاں منعقد کی گئیں، جن کے ذریعے 350 لاکھ سے زائد افراد کو ہیلمٹ کے استعمال کے حوالے سے تعلیم دی گئی۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد ٹریفک پولیس کی زیرو ٹالرینس مہم، ایک ہفتے میں 112 مقدمات، ہزاروں جرمانے
چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ موٹر سائیکل سوار اپنی اور دوسروں کی جان کی حفاظت کے لیے ہمیشہ ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیلمٹ نہ صرف قانونی تقاضا ہے بلکہ یہ ہر شہری کی ذاتی حفاظت کے لیے ناگزیر ہے اور حادثات کی صورت میں قیمتی جانیں محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور خاص طور پر موٹر سائیکل پر سفر کے دوران ہیلمٹ کا استعمال اپنی عادت بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ہے۔
مزید پڑھیں: شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی
ٹریفک پولیس ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بھی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کر رہی ہے تاکہ قوانین کی مکمل پابندی کو یقینی بنایا جا سکے۔