وزیراعظم شہباز شریف سے فلسطینی صدر کے مشیر کی ملاقات، پاکستان کی فلسطین سے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

جمعہ 5 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے فلسطینی صدر کے مشیر برائے مذہبی امور اور شرعی عدالت کے چیف جسٹس محمود صدیقی الھباش نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

وہ سیرت کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان آئے ہوئے فلسطینی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ ملاقات میں مسجد اقصیٰ کے امام احمد حسین اور پاکستان میں فلسطینی سفیر بھی شریک تھے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر فلسطینی صدر محمود عباس کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: امریکا نے فلسطینی صدر محمود عباس کو اقوام متحدہ کے اہم اجلاس میں شرکت سے روک دیا

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر سفارتی فورم پر فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے بھرپور آواز بلند کرتا رہے گا۔

شہباز شریف نے غزہ کی موجودہ انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان وہاں متاثرہ عوام کے لیے انسانی امداد جاری رکھے گا، جو اسرائیلی قابض افواج کی جارحیت اور محاصرے کے باعث سنگین مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

فلسطینی صدر کے مشیر نے پاکستانی عوام اور حکومت کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور فلسطین کے درمیان تعلقات برادرانہ اور تاریخی بنیادوں پر قائم ہیں۔

مزید پڑھیں: فلسطینی صدر اور غزہ کے عوام کا پوپ لیو چہاردہم سے امن مشن جاری رکھنے کا مطالبہ

انہوں نے پاکستان میں حالیہ سیلاب پر افسوس کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان فلسطین کے لیے تقویت کا باعث ہے۔

ملاقات کے دوران صدر محمود عباس کا ایک خط بھی وزیراعظم کو پیش کیا گیا۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، معاون خصوصی طارق فاطمی، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل، سیکرٹری خارجہ اور سیکریٹری مذہبی امور بھی موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp