پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کے شہر جدہ کے قریب زیرِ سمندر انٹرنیٹ کیبل کٹنے کے باعث ملک میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:45 ہزار کلومیٹر طویل دنیا کی تیز رفتار انٹرنیٹ کیبل پاکستان پہنچ گئی
ترجمان پی ٹی سی ایل گروپ کے مطابق یہ خرابی ایس ایم ڈبلیو 4 (SMW4) اور آئی می وی (IMEWE) سسٹمز میں پیدا ہوئی ہے، جو پاکستان کو دنیا سے جوڑنے والی اہم کیبلز ہیں۔اس وجہ سے مصروف اوقات میں صارفین کو سروس کے معیار میں معمولی کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ بین الاقوامی شراکت دار ادارے اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق پی ٹی سی ایل کی مقامی ٹیمیں صارفین پر اثرات کو کم سے کم کرنے کے لیے متبادل بینڈوڈتھ فراہم کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ کمپنی نے صارفین کے صبر و تحمل پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں:بہتر انٹرنیٹ سروس: کیا ’2 افریقہ کیبل‘ شارک سے محفوظ رہے گی؟
ادھر ڈاؤن ڈیٹیکٹر ویب سائٹ کے مطابق ہفتے کی صبح پاکستان میں انٹرنیٹ کی خرابی سے متعلق شکایات میں نمایاں اضافہ ہوا، خاص طور پر صبح 9 بجے کے بعد رپورٹ ہونے والے کیسز میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا۔

واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان کو افریقہ-1 سب میرین کیبل سے بھی منسلک کیا گیا ہے، جو 10 ہزار کلومیٹر طویل ہے اور پاکستان کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر اور فرانس سے جوڑتی ہے۔ یہ منصوبہ 2020 میں شروع ہوا تھا اور 2026 کی پہلی سہ ماہی میں مکمل ہوگا۔














