حالیہ بارشوں اور سیلاب میں انسانوں کو تو نقصان پہنچا ہے لیکن ہزاروں مویشی بھی اس کی زد میں آئے۔
بے زبان جانور یا تو پانی میں مر گئے یا پھر کئی کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد کسی اور علاقے میں پہنچ گئے لیکن یہ کسی کو نہیں بتا سکتے کہ وہ ان کا مالک کون ہے اور وہ کہاں سے یہاں تک پہنچے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: خیبر پختونخوا: سیلاب سے 427 مویشی بھی ہلاک، ’مویشیوں کے بغیر گزر بسر مشکل ہے‘
اسی پریشانی کو دیکھتے ہوئے اکثر لوگوں کے ذہن میں خیال آتا ہے کہ کاش کوئی ایسی ٹیکنالوجی ہوتی جس سے وہ اپنے جانوروں کا پتا لگا سکتے۔
تو آپ ضرور پتا لگا سکتے ہیں، کیسے؟ وہ بتا رہے ہیں عبدالباسط۔
’اینیمل پاسپورٹ‘
عبدالباسط نے وی نیوز کو بتایا کہ ہم نے ’اینیمل پاسپورٹ‘ کے نام سے ایک ایپ کئی سال قبل لانچ کی تھی جس سے آپ سیلاب میں کھویا ہوا جانور باآسانی نہ صرف ٹریس کرسکتے ہیں بلکہ اسے واپس لا بھی سکتے ہیں۔
عبدالباسط کے مطابق ہماری ایپلیکیشن نے اس سیلابی موسم میں اپنی رجسٹریشن فری کردی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ فائدہ لے سکیں اور نقصان سے بچ سکیں۔
یہ بھی پڑھیے: گلگت بلتستان: داریل میں بدترین سیلاب، درجنوں گھر اور مال مویشی بہہ گئے
اس ایپ کو استعمال کرنا انتہائی آسان ہے۔ اس میں بس آپ کو جانور کی ناک کی تصویر لینی ہوتی ہے اور اپنی معلومات فراہم کرنی ہوتی ہیں، جس کے بعد متعلقہ جانور آپ کے نام پر رجسٹرڈ ہو جائے گا۔
اگر کوئی بھی شخص کہیں سے بھی آپ کے جانور کو اس ایپ کے ذریعے تلاش کرے گا تو اس کے سامنے آپ کا نمبر اور دیگر معلومات آجائیں گی۔
عبدالباسط کے مطابق اس وقت ہزاروں جانوروں پر اس ایپ کو استعمال کیا جا چکا ہے اور اس میں غلطی کے امکانات بہت کم ہیں۔ پھر بھی اگر کوئی غلطی ہوئی تو ہماری سپورٹ ٹیم 24 گھنٹے مستعد رہتی ہے۔