صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر قیدیوں کے لیے 180 دن کی خصوصی سزا میں کمی کی منظوری دے دی ہے۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ رعایت آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت دی گئی ہے۔
وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے ابتدا میں 100 روزہ رعایت کی سفارش کی تھی تاہم بعد ازاں صدر مملکت کی تجویز پر وزیراعظم نے مشاورت کے بعد اسے بڑھا کر 180 دن کرنے کی منظوری دے دی۔
یہ بھی پڑھیے: عید میلادالنبیؐ: ملک بھر میں جلسے جلوس اور والہانہ عقیدت کا اظہار
اعلامیے کے مطابق یہ خصوصی رعایت صرف اُن قیدیوں پر لاگو ہوگی جو قانون کے تحت مقررہ شرائط پر پورا اترتے ہیں جبکہ قتل، دہشت گردی، جاسوسی اور بڑے مالیاتی جرائم میں ملوث افراد اس سہولت سے مستفید نہیں ہوسکیں گے۔
واضح رہے کہ آج نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰؐ کی ولادت باسعادت کی خوشی میں ملک بھر میں عید میلادالنبیؐ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے۔
شہروں اور قصبوں میں سبز پرچموں کی بہار ہے جبکہ مساجد اور بلند عمارتیں چراغاں سے جگمگا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: عید میلاد النبیﷺ، اسلام آباد پولیس نے فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا
یوم میلاد کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی، سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔