انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے اور ٹی20 فارمیٹ کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی ہے جس میں بھارتی کھلاڑیوں کی برتری برقرار رہی جبکہ کئی پاکستانی کھلاڑیوں کو پوزیشنز میں تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔
ون ڈے بیٹرز کی فہرست میں بھارت کے شبمن گل بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم اپنی تیسری پوزیشن پر قائم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی ون ڈے رینکنگ، پاکستانی کھلاڑی فہرست میں کہاں ہیں؟
انگلینڈ کے جو روٹ اور جوز بٹلر نے شاندار بہتری دکھائی۔ جس کے مطابق جو روٹ 5 درجے ترقی کے بعد 19ویں نمبر پر آگئے اور جوز بٹلر 7 درجے بہتری کے ساتھ 35ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
بولنگ کے شعبے میں جنوبی افریقہ کے کیشو مہراج بدستور سرفہرست ہیں۔ انگلینڈ کے جوفرا آرچر نے زبردست چھلانگ لگاتے ہوئے 16 درجے ترقی کے بعد تیسری پوزیشن حاصل کرلی، اور عادل رشید بھی 7 درجے اوپر آ کر آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے شاہین شاہ آفریدی 2 درجے تنزلی کے بعد 16ویں پوزیشن پر آگئے، جبکہ کوئی بھی پاکستانی بولر ٹاپ 10 میں موجود نہیں۔
ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں زمبابوے کے سکندر رضا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔
اسی طرح ٹی20 بیٹرز کی فہرست میں بھارت کے نوجوان اسٹار ابھیشیک شرما اپنی پہلی پوزیشن کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی رینکنگ: ٹی 20 کی ٹاپ 20 فہرست سے پاکستانی بولرز غائب
ٹی20 میں پاکستان کے بیٹرز کی رینکنگ میں نمایاں تنزلی ہوئی ہے۔ بابر اعظم 3 درجے تنزلی کے ساتھ 24ویں، محمد رضوان 6 درجے تنزلی کے ساتھ 28ویں اور حسن نواز 4 درجے تنزلی کے ساتھ 35ویں نمبر پر آگئے۔ قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے تاہم 2 درجے بہتری کے ساتھ اپنی پوزیشن 57ویں تک پہنچا لی۔














