وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے متحدہ عرب امارات کی نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے چیئرمین شیخ زید بن حماد بن حمدان النیہان نے وزارتِ داخلہ میں ملاقات کی۔ وزیر داخلہ نے معزز مہمان کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں انسدادِ منشیات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا اور پاکستان و یو اے ای کے درمیان اس شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ اس سلسلے میں پاکستان کی جانب سے ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید جبکہ یو اے ای کی جانب سے بریگیڈئر طاہر غریب کو خصوصی نمائندہ مقرر کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا اعلیٰ تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی میں تعاون مضبوط کرنے پر اتفاق
وزیر داخلہ محسن نقوی نے یو اے ای میں نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے قیام کو سراہا اور شیخ زید بن حماد کو اس ادارے کا پہلا چیئرمین بننے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان منشیات کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے، مکروہ کاروبار سے منسلک عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔
اسلام آباد ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے متحدہ عرب امارات کی نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے چیئرمین شیخ زید بن حماد بن حمدان النیہان کی ملاقات
وزارت داخلہ آمد پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے شیخ زید بن حماد بن حمدان النیہان کا خیرمقدم کیا pic.twitter.com/tDGZcT3wA6— Ministry of Interior GoP (@MOIofficialGoP) September 11, 2025
محسن نقوی نے بتایا کہ مشترکہ کاوشوں اور بروقت معلومات کے تبادلے سے یو اے ای میں 400 ملزمان گرفتار اور 5 ٹن منشیات پکڑی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں سنتھیٹک ڈرگز کی اسمگلنگ بڑھی ہے، جس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان، متحدہ عرب امارات کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق
ان کا کہنا تھا کہ منشیات کے خلاف جنگ دراصل ہماری نسلوں کی جنگ ہے اور اس میں شکست کا کوئی آپشن نہیں۔
شیخ زید بن حماد بن حمدان النیہان نے کہا کہ انسداد منشیات کے حوالے سے یو اے ای پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا تاکہ آئندہ نسلوں کو بہتر مستقبل فراہم کیا جا سکے۔
ملاقات میں یو اے ای کے اعلیٰ وفد کے ہمراہ پاکستان کی جانب سے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز اور ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس سمیت سینئر حکام شریک تھے۔