قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے قبل کھلاڑیوں کو اہم مشورہ دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان بمقابلہ بھارت: 5 پہلوان جو دنگل کا رنگ بدل سکتے ہیں
اپنے ایک بیان میں وسیم اکرم نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے کرکٹرز کو چاہیے کہ وہ دبئی میں شیڈول ایشیا کپ میچ کے دوران شور و غوغا اور دباؤ کو پس پشت ڈال کر کھیل پر توجہ مرکوز کریں اور کھیلنے کا لطف اٹھائیں۔
واضح رہے کہ 4 ماہ قبل دونوں ممالک کے درمیان فوجی کشیدگی کے بعد یہ پہلا ٹاکرا ہوگا، جسے بھارت نے مختلف حلقوں کے بائیکاٹ مطالبات مسترد کرنے کے بعد کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وسیم اکرم کے مطابق کرکٹ محض ایک کھیل ہے، جہاں ایک ٹیم کی جیت اور دوسری کی ہار فطری بات ہے، اس لیے کھلاڑیوں کو چاہیے کہ دباؤ کو مثبت انداز میں لیتے ہوئے ڈسپلن کے ساتھ میدان میں اتریں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت اہم میچ، ایشیا کپ میں اب تک کس کا پلڑا بھاری ہے؟
انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان حالیہ سہ فریقی سیریز میں فتح کے بعد بہتر اعتماد کے ساتھ کھیل رہا ہے، اور کھلاڑیوں کو صرف بھارت کو ہرانے کے بجائے پورے ٹورنامنٹ کو جیتنے کو اپنا مقصد بنانا چاہیے۔