اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ریڈ زون میں داخلے کے حوالے سے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی۔
پولیس ترجمان کے مطابق لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کے پیش نظر ایکسپریس چوک اور نادرا چوک پر ڈائیورشنز لگائی گئی ہیں۔
شہری ریڈ زون میں داخلے کے لیے مارگلہ روڈ، میریٹ ہوٹل اور سرینا ہوٹل کے راستے استعمال کر سکتے ہیں۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ڈائیورشنز کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر اور گاڑیاں سست روی کا شکار ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ون وے خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 249 مقدمات درج
چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے ٹریفک پولیس کے اہلکار مختلف مقامات پر تعینات رہیں گے۔ شہری دورانِ سفر کسی بھی مشکل سے بچنے کے لیے 20 منٹ اضافی وقت رکھ کر گھر سے نکلیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ رہنمائی اور ہیلپ کے لیے شہری ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کر سکتے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شہریوں کو بروقت آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔













