فیصل رحمان نے کہا کہ ہانیہ عامر سے زیادہ مشہور میرا ڈمپل ہے کیونکہ ہانیہ عامر ابھی انڈسٹری میں نئی آئی ہے جبکہ میں اس انڈسٹری میں بہت پرانا ہوں۔
فیصل رحمان نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر بات کی ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا ان کے دونوں گالوں پر ڈمپل ہیں، جن میں سے ایک زیادہ نمایاں ہے جبکہ دوسرا اُس وقت واضح ہوتا ہے جب وہ وزن بڑھاتے ہیں۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ ان کے ڈمپلز کی وجہ سے بڑی عمر کی خواتین بھی ان کی مداح ہیں۔
View this post on Instagram
پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران فیصل رحمان نے انکشاف کیا کہ ان کے تایا بھارت میں مقیم تھے، اور وہ بچپن میں چاہتے تھے کہ تایا انہیں گود لے لیں تاکہ وہ بالی ووڈ میں کام کر سکیں لیکن تایا نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اکثر بھارت جا کر فلموں کے آڈیشن بھی دیتے تھے۔ تاہم انہیں کامیابی نہیں ملی۔
شادی نہ کرنے کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کافی اداکار ایسے ہیں جنہوں نے شادی نہیں کی لیکن یہ سوال صرف مجھ سے کیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے عشق نہیں کیا بس ویسے ہی شادی نہیں کی کیونکہ میں ہمیشہ آزاد رہنا پسند کرتا ہوں اور میں شکر ادا کرتا ہوں کہ میں نے شادی نہیں کی۔














