صدر آصف علی زرداری کی موجودگی میں پاکستان اور چین کے درمیان 3 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان صنعتی تعاون، زرعی جدت اور عوامی تحفظ کو فروغ دینا ہے۔
معاہدوں میں لائیو اسٹاک انڈسٹری میں جدت، پاکستان میں جدید ٹیکسٹائل انڈسٹریل پارک کے قیام اور فائر ٹرکس و ایمرجنسی آلات کی فراہمی شامل ہیں
یہ بھی پڑھیں: صدر زرداری کی اُرمچی میں چینی سیکریٹری چن شیاوجیانگ سے اہم ملاقات
صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ یہ یادداشتیں خوراک کے تحفظ، صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے اور آفات سے نمٹنے کی قومی صلاحیت کو بہتر بنائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ لائیو اسٹاک سیکٹر کی بہتری دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع بڑھائے گی جبکہ جدید ٹیکسٹائل پارک کا قیام برآمدات اور صنعتی ترقی کو نئی جہت دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فائر ٹرکس اور جدید ایمرجنسی آلات کی فراہمی عوامی تحفظ اور ریسکیو آپریشنز کو مضبوط کرے گی۔
مزید پڑھیں: صدر آصف زرداری کا دورہ چین: ڈیجیٹل طرز حکمرانی کے ماڈل میں گہری دلچسپی کا اظہار
تقریب میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا، پاکستان کے سفیر برائے چین اور چین کے سفیر برائے پاکستان بھی شریک تھے۔
بعد ازاں صدر آصف علی زرداری اُرمچی سے کاشغر روانہ ہو گئے، سنکیانگ کے نائب گورنر نے صدر آصف علی زرداری کو رخصت کیا، اس موقع پرچینی اور پاکستانی اہلکار بھی موجود تھے۔