پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حمایتی معروف سوشل میڈیا ایکٹوسٹ خدیجہ شاہ نے سرکاری گاڑی جلانے کے کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے سنائی گئی 5 سالہ سزا کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: جیل اصلاحاتی کمیٹی کو عمران خان تک رسائی نہ مل سکی، خدیجہ شاہ کا چیف جسٹس کو خط
جناح ہاؤس کے قریب سرکاری گاڑی جلانے کے الزام میں انسداد دہشتگردی لاہور کی عدالت نے خدیجہ شاہ کو 5 سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف انہوں نے وکیل سمیر کھوسہ کی مدد سے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔
اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے قانون کی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فیصلہ دیا اور کیس کے حقائق اور شواہد کو مناسب طور پر نہیں پرکھا گیا۔
خدیجہ شاہ کی اپیل میں درخواست کی گئی ہے کہ عدالت ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر انہیں بری کرے۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی مقدمات میں ضمانت پر رہا خدیجہ شاہ کو جیل اصلاحات کے لیے کونسی اہم ذمہ داری سونپی گئی؟
یاد رہے کہ اس مقدمے میں عدالت نے شاہ محمود قریشی سمیت دیگر کو بری جبکہ یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔