پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کو سراہا اور اقتصادی و تجارتی روابط مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان خواتین کے شانہ بشانہ ترقی کے عزم پر قائم ہے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا اقوام متحدہ اجلاس سے خطاب
اس سے قبل اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے تحت منعقدہ ’عورتوں کی چوتھی عالمی کانفرنس‘ کی 30ویں سالگرہ کے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کیا۔
انہوں نے تاریخی بیجنگ اعلامیے کے عہد کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بانیٔ پاکستان قائداعظم کے وژن کے مطابق کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی نہ ہوں۔
وزیر خارجہ نے پاکستان میں خواتین کی قیادت کے کردار کو اجاگر کیا، جن میں مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم کا انتخاب اور حال ہی میں پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کا منصب شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خواتین کے بااختیار بنانے کے سفر کو مسلسل آگے بڑھا رہا ہے۔
ملاقات میں کینیڈا میں مقیم پاکستانی برادری کے اہم کردار کو بھی تسلیم کیا گیا۔