بلوچستان میں تعلیم کے شعبے میں ایک اہم اور حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں صوبائی سیکریٹری تعلیم اسفندیار خان نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول خنوزئی، پشین میں ہیلتھ کیئر اسکلز سینٹر کا افتتاح کیا ہے۔
یہ منصوبہ یورپی یونین کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے جس کا مقصد طلبہ کو محض نصابی تعلیم نہیں بلکہ عملی زندگی میں درکار جدید مہارتوں سے بھی آراستہ کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب میں سیکریٹری تعلیم نے کہا کہ صوبے میں تعلیمی اصلاحات کا ہدف محض کتابی علم تک محدود نہیں بلکہ طلبہ کو صحت، آئی ٹی اور دیگر فنی شعبوں میں ایسے ہنر سکھانا ہے جو مستقبل میں ان کے لیے بہتر روزگار کے مواقع پیدا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کا طالب علم کل کا معمار ہے اور اگر ہم انہیں جدید مہارتیں سکھائیں گے تو وہ نہ صرف اپنے خاندان بلکہ صوبے کی ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کریں گے۔
تقریب کے دوران سیکرٹری تعلیم نے آئی ٹی اسکلز سینٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیر تربیت طلبا سے گفتگو کی۔
انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ تعلیم کو محض ڈگری کے حصول تک محدود نہ رکھیں بلکہ عملی مہارتوں کو اپنانے پر بھی بھرپور توجہ دیں۔
سیکریٹری تعلیم نے مزید بتایا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں اسی نوعیت کے اسکلز سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں اور ان منصوبوں کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے۔
ان کے مطابق یہ مراکز نوجوان نسل کو کتابی علم سے آگے بڑھ کر عملی زندگی کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کریں گے۔
یہ اقدام نہ صرف تعلیمی شعبے میں اصلاحات کی علامت ہے بلکہ بلوچستان کے طلبا کے لیے ایک نئی امید بھی ہے، جہاں وہ علم کے ساتھ ساتھ مہارت حاصل کر کے اپنی منزل خود تراش سکیں گے۔