بھارت کے کپتان سوریا کمار یادو کو پاکستان کے خلاف ایشیا کپ میچ کے بعد دیے گئے بیان پر مشکل صورتحال کا سامنا ہے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی شکایت پر تحقیقات شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔
پی سی بی کی شکایت
14 ستمبر کو دبئی میں بھارت کی پاکستان پر فتح کے بعد سوریا کمار یادو نے کامیابی کو پہلگام حملے کے متاثرین کے اہلخانہ اور بھارتی فوج کے نام کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ 2025: پاکستان اور بنگلہ دیش کا فیصلہ کن مقابلہ آج ہوگا
پی سی بی نے اس بیان کو ’سیاسی‘ قرار دیتے ہوئے باضابطہ شکایت درج کرائی۔ یاد رہے کہ اپریل میں ہونے والے اس حملے میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد پاک بھارت کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا۔
آئی سی سی کا مؤقف
آئی سی سی نے تصدیق کی ہے کہ پی سی بی کی شکایت موصول ہوچکی ہے اور اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ سیمی فائنل، ٹی20 کرکٹ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کس کا ریکارڈ کیا ہے؟
ہندوستآن ٹائمز کے مطابق میچ ریفری رچی رچرڈسن نے بھارتی ٹیم مینجمنٹ کو ای میل میں بتایا کہ پی سی بی کی جانب سے سوریا کمار کے میچ کے بعد تقریب تقسیم انعامات اور پریس کانفرنس میں دیے گئے بیانات پر دو رپورٹس جمع کرائی گئی ہیں۔ باضابطہ سماعت بلانے کا امکان بھی موجود ہے۔
تنازع اور ماحول
رپورٹس کے مطابق بھارت اور پاکستان کے کھلاڑیوں کے درمیان میچ سے پہلے ٹاس پر مصافحہ نہیں ہوا اور نہ ہی میچ کے بعد روایتی ملاقات ہوئی، جسے ایشیا کپ میں ’ہینڈ شیک گیٹ‘ کے نام سے موضوع بحث بنایا جا رہا ہے۔
کھیل کی صورتحال
بعد ازاں دونوں ٹیمیں دوبارہ مدمقابل آئیں، جہاں بھارت نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ ٹیم پُراعتماد ہے اور ’فائنل میں ایک بار پھر بھارت کا سامنا ہوگا‘۔