صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عالمی دن برائے معلومات تک رسائی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی اور جمہوری حق ہے۔
یہ بھی پڑھیں:صدر زرداری کے حالیہ دورۂ چین نے دونوں ممالک کی دوستی کو نئے باب دیے، چینی سفیر
انہوں نے کہا کہ معلومات کا آزادانہ بہاؤ شفافیت، جوابدہی اور اچھی حکمرانی کو فروغ دیتا ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ موجودہ دور کا سب سے بڑا چیلنج غلط معلومات اور جعلی خبروں کے ذریعے سچ کو مسخ کیا جانا ہے۔

ان کے مطابق جعلی خبروں کا پھیلاؤ نہ صرف قومی یکجہتی کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ اداروں پر عوامی اعتماد کو بھی مجروح کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:صدر زرداری کی اُرمچی میں چینی سیکریٹری چن شیاوجیانگ سے اہم ملاقات
آصف علی زرداری نے زور دیا کہ ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور درست معلومات کی فراہمی جمہوری استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بروقت اور درست معلومات تک رسائی شہریوں کو بااختیار بناتی ہے اور ایک باخبر معاشرہ ہی شفافیت، ترقی اور انصاف کی بنیاد رکھتا ہے۔

صدرِ مملکت نے عوام سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ معلومات کے پھیلاؤ سے گریز کیا جائے اور تمام اداروں پر زور دیا کہ معلومات تک رسائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام تک درست اور شفاف معلومات پہنچائی جا سکیں۔













