بلوچستان میں جعفر ایکسپریس کی سروسز بحال ہو گئی ہیں۔ مستونگ کے علاقے دشت میں ریلوے ٹریک کی مرمت مکمل ہونے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت معمول پر آگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مستونگ: ریلوے ٹریک پر دھماکہ، جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں
23 ستمبر کو دشت کے قریب دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں، جس کے بعد صوبے میں ریل سروس معطل ہو گئی تھی۔ اس واقعے میں کئی مسافر زخمی ہوئے تھے اور ابتدائی تحقیقات میں اسے دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا گیا تھا۔
ریلوے حکام کے مطابق مرمت کا کام صرف 5 دن میں مکمل کیا گیا اور اب جعفر ایکسپریس سمیت تمام اہم ٹرینیں شیڈول کے مطابق روانہ ہو رہی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات بھی کیے گئے ہیں جبکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے نگرانی مزید سخت کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور اور کوئٹہ کا ریلوے رابطہ منقطع، جعفر ایکسپریس 3 روز کے لیے معطل
آج کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس مقررہ وقت پر روانہ ہوئی جبکہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس بھی شیڈول کے مطابق چل پڑی ہے، اسی طرح کراچی سے کوئٹہ پہنچنے والی بولان میل بھی آج صبح روانہ ہو گئی۔
ریلوے انتظامیہ نے کہا ہے کہ ٹرین سروس کی بحالی بلوچستان کے لیے اہم پیش رفت ہے جس سے مسافروں اور تاجروں کو بلا تعطل سفر اور سامان کی ترسیل کی سہولت میسر ہو گی۔