میکڈونلڈز دنیا کی سب سے بڑی فاسٹ فوڈ چینز میں سے ایک ہے جس کی متعدد شاخیں دنیا کے کئی ممالک میں پھیلی ہوئی ہیں۔ ان میں سے ایک فرنچائز ہوائی جہازوں کے اندر بھی اپنی سروس فراہم کرتی ہے۔ اس فوڈ برانڈ کے پاس دنیا کے سب سے منفرد ریستوراں ہیں۔
کوئی اسے پسند کرے یا نہ کرے لیکن میکڈونلڈز بلاشبہ فاسٹ فوڈ برانڈز کے حوالے سے عروج پر ہے۔ میکڈونلڈز کا بزنس اور مارکیٹنگ ماڈل انڈسٹری میں سب سے کامیاب مانا جاتا ہے۔
میکڈونلڈز کی تصویرانتہائی اچھی طرح سے تیار کی گئی ہے اور اس کے لوگو سمیت برانڈ سے متعلق تفصیلات کو بھی انتہائی احتیاط سے سوچا اور بنایا گیا ہے۔
ریڈرز ڈائجسٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ میکڈونلڈز کا لوگو پیلے اور سرخ رنگوں کا استعمال کرتے ہوئے بنایا گیا ہے جس کے پیچھے ایک بڑی سوچ کارفرما ہے۔ یہ لوگو صارفین کی دلچسپی کے علاوہ مارکیٹ کی ایک بڑی ریسرچ کے بعد تیار کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دیکھنے میں انتہائی سادہ لوگو کے بارے میں اگرچہ کوئی یہ فرض کرتا ہے کہ یہ محض اتفاق سے انتہائی پرکشش اور یادگار بن گیا ہے تو غلط ہے۔ درحقیقت یہ انتہائی منصوبہ بندی، سوچ اور مارکیٹنگ کی ایک بڑی ریسرچ کے بعد باقاعدہ فیصلہ سازی سے تیار کیا گیا ہے۔